لندن(شِنہوا)برطانیہ میں چینی سفیر ژینگ زی گوانگ نے چین اور برطانیہ کی تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ چین کی مسلسل ترقی سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
ژینگ نے چین کی اعلیٰ مقننہ قومی عوامی کانگریس اور چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے سالانہ اجلاسوں ’’دو اجلاسوں‘‘ سے متعلق تقریب میں کہا کہ اس سال کے اجلاسوں نے دنیا کو دکھایا ہے کہ چین اعلیٰ معیار کی ترقی کے ساتھ ملک کی جدیدیت کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔ چین اقتصادی ترقی، سائنس اور ٹیکنالوجی کی تخلیقی جدت، ماحول دوست منتقلی اور عالمی امن و استحکام جیسے شعبوں میں دنیا کے لئے مزید استحکام اور مثبت توانائی فراہم کرے گا۔
سفیر نے کہا کہ "دو اجلاسوں” نے چین کے سیاسی نظام کی کامیابی کو بھی ظاہر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ چین کی تیز تر اقتصادی ترقی اور طویل مدتی سماجی استحکام کے 2 معجزوں کا "راز” ہے۔
سفیر نے چیلنجز سے بھرپور انتشار اور افراتفری کا شکار دنیا میں چین-برطانیہ تعلقات کے استحکام اور تعمیری اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے فریقین سے کہا کہ وہ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی رفتار کو برقرار رکھیں، گزشتہ مذاکرات کے نتائج کو عملی جامہ پہنائیں اور دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرتے ہوئے تعاون مضبوط کریں۔
چین-برطانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین شیرارڈ کاؤپر-کولز نے کہا کہ اجلاسوں کے دوران جاری ہونے والی چینی حکومت کی رپورٹ سنگین چیلنجز سے مربوط اور منظم طریقے سے نمٹنے کا حل پیش کرتی ہے۔
