نوم پن (شِنہوا)نیشنل بینک آف کمبوڈیا (این بی سی) اور یونین پے انٹرنیشنل (یو پی آئی)نے پیر کو سرحد پار کیو آرکوڈ کی ادائیگیوں کے دوسرے مرحلے کا آغازکر دیاہے۔
این بی سی کی گورنر چیا سیری نے نوم پن میں افتتاحی تقریب کے دوران کہاکہ اس دوسرے مرحلے کی شراکت داری کے ذریعے کمبوڈیا کی باکونگ ایپ کے صارفین بیرون ملک سفر کے دوران اب چین اور دیگر ممالک میں یو پی آئی قبول کرنے والے تاجروں کے کیو آرکوڈز کو اسکین کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ چین کا دورہ کرنے والے کمبوڈیا کے شہریوں کے لیے واقعی خوشخبری ہے، اس پیشرفت نے کمبوڈیا کے شہریوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر بناتے ہوئے بین الاقوامی لین دین کو زیادہ ہموار اور آسان بنایا ہے۔
سیری نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف کمبوڈیا اور چین کے درمیان بلکہ عالمی سطح پریو پی آئی کے ساتھ شراکت داروں کے لیے بھی سرحد پار ادائیگیوں کو بہتر بنائے گی تاکہ کیو آر کوڈز کو اسکین کر کے سرحد پار ادائیگیاں آسانی سے کر سکیں۔
گورنر نے کہا کہ دوسرے مرحلے کا آغاز دونوں فریقین کی جانب سے دسمبر 2023 میں سرحد پار کیو آر کوڈ کی ادائیگیوں کے پہلے مرحلے کی کامیاب شروعات کے بعد ہوا۔
اس نے یونین پے کارڈ ہولڈرز کو کمبوڈیا میں لاکھوں تاجروں کے ساتھ ادائیگی کے لین دین مکمل کرنے کے لیے باکونگ کیو آر کوڈز کو اسکین کرنے کی اجازت دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو پی آئی کے نائب چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لیری وانگ نے کہا کہ یہ شراکت داری کمبوڈیا کے شہریوں کے لیے بیرون ملک سفر یا خریداری کرتے وقت حقیقی سہولت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ باکونگ کو یونین پے کے نیٹ ورک کے ساتھ ضم کرکے ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ کمبوڈیا کے شہری چین یا دنیا کے کسی بھی حصے میں مقامی لوگوں کی طرح ادائیگی کر سکیں۔
