بنوں کینٹ حملے میں 18 شہادتوں کی تصدیق کردی گئی جبکہ سیکیورٹی فورسز کے جوابی کارروائی میں 16 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز خوارج کی بنوں کنٹونمنٹ پر حملے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنادیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی میں 16دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، ہلاک ہونے والوں میں4 خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے دھما کا خیزمواد سے بھری2گاڑیاں دیواروں سے ٹکرائیں، سیکیورٹی فورسز کے 5بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، خوارج کے حملے میں 13معصوم شہری شہید،32زخمی ہوگئے۔
بیان کے مطابق خودکش دھماکوں سے حفاظتی دیواروں کو نقصان پہنچا، حملہ آوروں کا مقصد کینٹ کی سیکیورٹی کو توڑنا تھا۔ دہشتگرد حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس حملے کی منصوبہ بندی اور ہدایت افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ نے کی، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی، افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان سرحد پار سے ہونے والے ان خطرات کے خلاف ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔