اسلام آباد (شِنہوا) چائنہ مینڈ اسپیس انجینئرنگ آفس ( سی ایم ایس ای او) اور پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن ( سپارکو) نے جمعہ کے روز پاکستانی خلا باز کے چینی خلائی اسٹیشن کی پرواز کے حوالے سے تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔
اس معاہدے کے تحت چینی حکومت پاکستانی خلا بازوں کے ایک گروپ کا انتخاب کرکے انہیں تربیت دے گی جن میں ایک چینی خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والا پہلا غیر ملکی خلا باز ہوگا۔
انتخاب کا عمل تقریباً ایک سال تک جاری رہے گا اور پاکستانی خلا باز چین میں ایک جامع اور منظم تربیتی پروگرام میں شامل ہوں گے۔
اس کے بعد پاکستانی خلا باز اگلے چند سال کے دوران مختلف گروپس میں اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر خلائی اسٹیشن میں مختصر مدتی پرواز مشن انجام دیں گے۔
سی ایم ایس ای اوکے نائب ڈائریکٹر لین شی چھیانگ اور سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں معاہدہ پردستخط کئے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
