اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے پاس ملک کی بھلائی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، ضمیر بیچنے والوں کو حکومت میں شامل کرلیا گیا،عوام دیکھ رہے ہیں ملک میں کیا سرکس جاری ہے؟۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ ہم پر قائم تمام مقدمات جعلی ہیں،گزشتہ روز اپوزیشن کی قومی کانفرنس میں فسطائیت کی انتہاء کر دی گئی، سیاسی و اخلاقی طور پر یہ اتنے کمزور ہیں کہ ایک کانفرنس نہیں ہونے دیتے۔
انہوں نے کہا کہ کل وزیروں کا ایک جھرمٹ حکومت میں شامل کیا گیا، ایسے لوگوں کو نوازا گیا جنہوں نے اپنے ضمیر کو بیچا ہے۔انہوں نے کہا کہ 40ارب روپے سے زائد کا سرمایہ اس ملک سے چلا گیا، ایسی صورتِ حال میں نقصان صرف عوام کا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں ملک میں کیا سرکس جاری ہے، حکمرانوں کے پاس ملک کی بھلائی کیلئے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔