حیدر آباد: رہنماء پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ مواقع ملنے کے باوجود عمران خان نے ڈیل نہیں کی،تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد کا مقصد ملک کے عوام کو ان کے حقوق دلوانا ہے۔حیدرآباد میں گھمن ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے ڈیل کی ،کوئی لندن گیا، کوئی کہیں ،بہت سے ایسے مواقع آئے بانی پی ٹی آئی ڈیل کر کے باہر نکل سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2024ء کے الیکشن میں ہمارے نمائندگان کو ہروایا گیا، آج وہ لوگ مسلط ہیں جنہیں عوام نے ووٹ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے مسائل ایک جیسے ہیں، تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد کا جو الائنس بنایا ہے اس کا مقصد پاکستان کے ہر خطے کے لوگوں کو ان کے حقوق دلانا ہے۔
انہوں نے ہم ایک قطرہ سندھ دھرتی کے پانی کا نہیں جانے دیں گے، ہم سندھ کی ہر تحریک کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گم ہونے والوں کیساتھ کھڑے ہیں ،آج پنجاب میں بھی یہی ہو رہا ہے، خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع بھی ایسے ہیں جہاں نکلا نہیں جا سکتا ہے۔