پشاور: وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ زندگی میں اپنے مقصد کیلئے کوشش کرنیوالے ہی کامیاب ہیں، اپنا مستقل بہتر بنانے کیلئے ماضی اچھا بنانا ہوگا، دنیا میں مسلمانوں کے خراب حالات کی وجہ دینی تعلیمات سے دوری ہے، اپنے تمام اداروںکو خود مختار بنائینگے۔پشاور میں انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام والدین اور گریجویٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، طلبا سے امید ہے کہ وہ اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔
انہوںنے کہا کہ آپ نے کبھی ناامید نہیں ہونا جو ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں وہ کامیاب بھی ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام اداروں کو خود مختار بنائیں گے، پروفیشنل ڈگری ہولڈرز کو 20لاکھ سے 1کروڑ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنا مستقبل بہتر بنانا ہے، مستقبل بنانے کیلئے ماضی اچھا بنانا ہو گا، جو کچھ والدین اور اساتذہ سے سیکھا اس کو یاد رکھنا چاہئے، انسان کوشش ہی کر سکتا ہے اور کوشش سے آگے بڑھ سکتا ہے، آپ نے ہمت نہیں ہارنی اور کوشش کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں مسلمانوں کیساتھ جو رہا ہے اس کی وجہ دینی تعلیمات سے ہٹنا ہے ، اگر ہم نے عظیم انسان بننا ہے تو انسانیت کا خیال رکھنا ہے، میں فخر سے کہتا ہوں کہ میں ہمیشہ کالج سے ڈراپ آؤٹ ہوتا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایٹیٹیوڈ کی وجہ سے ایک بندہ بار بار ڈراپ آؤٹ ہو رہا ہے مگر وہ کوشش کر رہا ہے، وہی لوگ کامیاب ہیں جو اپنے مقصد کیلئے کوشش کرتے ہیں، آپ رول ماڈل بنیں اور عظیم کام کریں، اپنے مقصد کیلئے کوشش کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا سیاسی رول ماڈل بانی پی ٹی آئی ہیں،مجھے اس لئے چنا گیا کہ میں صوبے اور لوگوں کیلئے کام کروں۔