نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ لیبیا میں امن اور مفاہمت کی فضا قائم کرنے کیلئے یواین سپورٹ مشن ایک موثر پالیسی اپنائے ،اس سے ملکی اداروں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی،ملک نئے صدارتی انتخابات کی جانب جاسکے گا۔
لیبیا میں عالمی ادارے کے سپورٹ مشن ( یو این ایس ایم آئی ایل) کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم لیبیا کے تمام سٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ بامعنی بات چیت کے ذریعے تمام مسائل تعمیری انداز میں حل کریں جس سے تمام اداروں کے اتحاد کی راہ ہموار ہو۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ لیبیا میں قیام امن کا واحد راستہ ریاست ملکی قیادت اور ملکی ملکیت ہے،سیاسی مفاہمت سے شہریوں کو امن کی فراہمی اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جامع انتخابات اور پائیدار امن کی طرف تیز رفتار منتقلی کے لئے جامع امن سازی اور مفاہمت کی حکمت عملی کی ضرورت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ لیبیا اور اس کے عوام کے روایتی دوست کے طور پر پاکستان وہاں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گا۔
منیر اکرم نے کہا کہ ہم لیبیا کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی اتحاد کیلئیاپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ منیر اکرم نے گھانا کی بیرسٹر اور سفارت کار حنا ٹیٹیہ کی لیبیا کے لئے یواین سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ کے طور پر تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے تجربے بالخصوص خطے بارے آگاہی کے پیش نظر وہ لیبیا میں امن و استحکام کے حوالے سے ٹھوس نتائج دینے میں مدد کریں گی۔
