اسلام آباد: نیپرا حکام نے کابینہ کی منظوری کے بغیر اپنی تنخواہوں میں اضافہ کردیا۔جاری رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیپرا کی مجموعی تنخواہ 32لاکھ 50ہزار روپے ہے جبکہ نیپراعہدیداروں کی تنخواہ 29لاکھ 50ہزار روپے تک پہنچ گئی، نظر ثانی شدہ معاوضہ پیکیج میں 7 لاکھ 73ہزار روپے کی بنیادی تنخواہ شامل ہے۔
نیپرا حکام نے ججز کے جوڈیشل الاؤنس کی طرز پر اپنے لئے الاؤنسز کی منظوری دی گئی ہے، الاؤنسز میں ماہانہ 6لاکھ 31ہزار سے 7لاکھ روپے تک ریگولیٹری الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیپرا افسران نے 2024کیلئے 5لاکھ 87ہزار روپے سے 6لاکھ 50ہزار روپے کا ایڈہاک ریلیف بھی حاصل کیا ہے، نیپرا افسران 2023ء کیلئے 5لاکھ 44ہزار سے 6لاکھ روپے کی شرح سے ایڈہاک ریلیف کے بھی اہل ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق 2022ء کیلئے ایک لاکھ 5ہزار سے ایک لاکھ 16ہزار روپے ماہانہ، 2021کیلئے 70سے 77ہزار 300روپے ماہانہ ایڈہاک ریلیف کے طور پر گھر کا کرایہ الاؤنس بھی دیا جائے گا،دیگر مراعات میں 96ہزار روپے اور یوٹیلٹی الاؤنس 32ہزار سے 35ہزار روپے شامل ہیں، افسران کی مجموعی تنخواہوں کا پیکیج اب 29 لاکھ 50ہزار روپے سے بڑھ کر 32لاکھ 50ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ نیپرا افسران اب اعلی عدالتوں کے ججوں سے بھی زیادہ تنخواہ و مراعات لیں گے۔ذرائع کے مطابق نیپرا افسران نے یہ ترامیم حکومتی منظوری کے بغیر کی ہیں، نیپرا کے زیادہ تر ارکان و چیئرپرسن عام طور پر ریٹائرڈ بیوروکریٹس ہیں۔