ہاربن (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے جمعہ کی رات ہاربن میں ایک شاندار تقریب کےدوران 9ویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب نے شہر کی آئس اور سنو ثقافت کو خو بصورت انداز میں پیش کیا۔
صدر شی نے کھیلوں کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا تو ہاربن انٹرنیشنل کانفرنس، نمائش اور اسپورٹس سینٹر میں 8 ہزار سے زائد تماشائیوں نے زوردار تالیوں کے ساتھ جشن منایا، اس موقع پر بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس باخ بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب اس وقت اپنے عروج پر پہنچی جب 4 مشعل برداروں ، 2 بار اولمپک چیمپئن اور شارٹ ٹریک اسپیڈ اسکیٹر یانگ یانگ ،چین کے پہلے مرد سرمائی اولمپک سونے کا تمغہ جیتنے والے اور فری اسٹائل اسکیئر ہان شیاؤپھنگ، اولمپک ریس واک چیمپئن وانگ ژین اور سوچی سرمائی اولمپک اسپیڈ اسکیٹنگ چیمپئن ژانگ ہونگ نے برف کے بنے ہوئے فانوس تھامے بچوں کے ہمراہ ہاربن آئس اینڈ سنو ورلڈ میں ایک کھلتے ہوئے گل یاس کے پھول کی شکل میں مشعل روشن کی۔ ہاربن آئس اینڈ سنو ورلڈ دنیا کا سب سے بڑا آئس اینڈ سنو تھیم پارک ہے۔
7سے 14 فروری تک جاری رہنے والے ہاربن کھیلوں کا نعرہ "سرما کا خواب، ایشیا کے درمیان محبت” ہے اور یہ چین کی جانب سے 2022 کے بیجنگ سرمائی اولمپک کے بعد دوسرا بڑا بین الاقوامی سرمائی کھیلوں کا ایونٹ ہے۔ یہ چین کی طرف سے ایشیائی سرمائی کھیلوں کی میزبانی کا تیسرا موقع ہے، اس سے پہلے ہاربن 1996 اور چھانگ چھون 2007 میں اس کی میزبانی کر چکا ہے۔
ہاربن 2025 میں ریکارڈ 34 ممالک اور خطے حصہ لے رہے ہیں جس نے 2017 میں جاپان کے ساپورو میں ہونے والے 8ویں ایشیائی سرمائی کھیلوں میں طے شدہ گزشتہ ریکارڈ کو بھی عبور کیا ہے۔
ہاربن میں ایک ہزار200 سے زائد کھلاڑی آئس ایونٹس میں اور یابولی میں سنو کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں جو ساپورو کھیلوں میں ایک ہزار 147 کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہیں۔
