اسلام آباد: وفاقی وزیر انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جبر و طاقت کے ذریعے آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا،پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوںکے حقوق کا تحفظ ،جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری بیان میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں تاہم ان کا عزم اور حوصلہ بدستور غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، وہ منظم ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں، پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا، حق خودارادیت کوئی رعایت نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ بنیادی انسانی حق ہے جسے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے تسلیم کر رکھا ہے، کسی بھی جبر و طاقت کے ذریعے آزادی کی جدوجہد کو ہمیشہ کے لئے دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر مظلوم کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرے اور ان کے مصائب کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کرے، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گا، جب تک کہ انصاف اور حق خودارادیت کا خواب حقیقت نہ بن جائے۔