اسلام آباد: صدر آصف زرداری نے ریاستی دہشت گردی ،جبر کے سامنے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے انمٹ جذبے کو دبا نہیں سکتے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کیلئے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی و سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر جاری بیان میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستانی عوام ہر سال 5فروری کو اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور کشمیری عوام کے ناقابل ِتنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے، بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو شدید ریاستی جبر اور تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام خوف و ہراس کے ماحول میں رہ رہے ہیں اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے مقید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کر رہی ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں میڈیا کو جبر کے ذریعے خاموش کیا جا رہا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کے انمٹ جذبے کو دبا نہیں سکتے، تنازع جموں و کشمیر سب سے پرانے حل طلب بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔ صدر نے کہا کہ کسی بھی قسم کا ظلم کشمیریوں کے عزم کو متزلزل اور ان کی جائز جدوجہد کو کمزور نہیں کرسکتا، اقوام متحدہ کشمیریوں سے 77سال قبل کئے گئے وعدوں کا احترام کرے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019ء کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی، بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں بدلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت انتظامی، عدالتی اور قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، گزشتہ 78سالوں میں کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا تعین خود کرنے کے جمہوری حق کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی اور جبر کے سامنے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔