اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ رواں سال دو میگا منصوبوں قراقرم ہائی وے فیزٹواور ایم ایل ون پر کام شروع کیا جائے گا ، اس سے چین اور پاکستان دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت ملے گی ، پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو تمام ممکنہ سہولیات اور فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس(پی این سی اے)میں چینی اسپرنگ فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا ملک کے مختلف حصوں میں مکمل ہونے والے سی پیک فیز ون کے منصوبے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی علامت ہیں، جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے ، جیسے ہی سی پیک اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی مزید بڑھے گی، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جس سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو تمام ممکنہ سہولیات اور فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے والے عناصر اپنی مذموم سازشوں میں ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اور اٹوٹ اعتماد پر مبنی ہیں، پاکستان اور چین کی سات دہائیوں پر محیط دوستی ایک ایسا خوبصورت گلدستہ ہے جو رنگ بکھیرتا ہے اور مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ دنیا، بالخصوص چین، کے آئی ٹی ماہرین کی مہارت سے استفادہ کیا جائے اور پاکستانی نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے لیس کیا جائے تاکہ وہ عصری تقاضوں کو پورا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے ذریعے کاروباری بنیادوں پر سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔