جمعرات, جنوری 23, 2025
ہومLatestپاکستانی طلباء کو زراعت کی جدید تربیت کے مواقع کی فراہمی پر...

پاکستانی طلباء کو زراعت کی جدید تربیت کے مواقع کی فراہمی پر چین کے شکر گزار ہیں،شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی طلباء کو زراعت کی جدید تربیت کے مواقع کی فراہمی پر چین کے شکر گزار ہیں،چین بھیجے جانیوالے طلباء کے انتخاب میں شفافیت ،میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے،طلباء کی جدید زرعی تربیت کا خرچ حکومت اٹھائے گی۔بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چین میں جدید زراعت کی تربیت کے حصول کیلئے جانے والے پاکستانی طلبا و طالبات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

جس میں وفاقی وزرا ء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات نے شفاف طریقے سے پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کروائیں، 1287درخواستوں میں سے 711طلبا و طالبات تربیت کے طے کردہ معیار پر پورے اترے، ان طلبا و طالبات میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے امیدوار بھی شامل ہیں۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ ان طلبا و طالبات کو دو بیچز میں چین بھیجا جائے گا، پہلی کھیپ مارچ 2025میں چین روانہ ہوگی جس میں 300طلبہ کو آبپاشی میں بہتری، مویشیوں میں بیماریوں کی تشخیص و نگرانی، مویشیوں کی افزائش نسل و جدید جینیات اور جدید بیجوں کی تیاری و ان کی پراسیسنگ کے شعبوں میں تربیت کیلئے بھیجا جائے گا۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 400طلباء کی دوسری کھیپ رواں برس کے وسط میں چین بھیجی جائے گی جسے زراعت میں جدید مشینری کے استعمال، فصلوں کی تیزی سے افزائش، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی بشمول مصنوعی ذہانت کا استعمال اور پھلوں و سبزیوں کی پراسیسنگ کے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زرعی شعبے کی تربیت کیلئے بھیجے جانیوالے طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی اور پورٹل سے درخواستوں کی سکروٹنی کے دوران سلیکشن سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے کمیٹی بنانے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس کی زرعی شعبے میں ترقی بے مثال ہے، دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے زرعی شعبے میں پاکستانی طلبا کی جدید تربیت کی درخواست کی تھی، پاکستانی طلبہ کی چین میں جدید زرعی تربیت کا پورا خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی جدید تربیت کیلئے چین جانے والے طلبا و طالبات میں 10 فیصد خصوصی کوٹہ بلوچستان کے طلباء کیلئے مختص کیا گیا، چینی قیادت اور چینی یونیورسٹیوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستانی طلبا کو چین میں زراعت کی جدید تربیت کا موقع دیا۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!