اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پانڈا بانڈز کے ذریعے چین کی کیپیٹل مارکیٹس میں شمولیت اختیار کرنے اور چینی سرمایہ کاروں سے تقریبا 200 ملین امریکی ڈالر جمع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا حکومت پاکستان کی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف منتقل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ ادائیگیوں کے توازن میں پائیداری حاصل کی جائے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے(سی پیک 2.0) کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ مزید چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کے ساتھ مالیاتی تعاون کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر خزانہ نے ہانگ کانگ کو پاکستان میں تجارتی اور مالیاتی مواقع کا جائزہ لینے کے لیے وفود بھیجنے کی دعوت دی اور کہا کہ ہانگ کانگ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے ایک موزوں مقام ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاپاکستان جون 2025 تک پانڈا باونڈ جاری کرے گا اور اس کے ذریعے چینی سرمایہ کاروں سے تقریبا 200 ملین امریکی ڈالر جمع کرنے کا ارادہ ہے۔