اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ اپنانے والا پہلا ملک ہے،اقدام ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کی جانب اہم سنگ میل ،پائیدار ترقی و خوشحالی کی جانب قدم ہے۔
جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ورلڈ اکنامک فورم اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے مشترکہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیئٹو کا حصہ بننے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ورلڈ اکنامک فورم کے تحت، ایف ڈی آئی کو اپنانے والا پہلا ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل ایف ڈی آئی پراجیکٹ اہداف کی نشاندہی کیساتھ ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینے کیلئے اہم کوششیں کر رہا ہے،یہ منصوبہ ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر، ڈیجیٹائز یشن کو اپنانے، نئی ڈیجیٹل سرگرمیوں اور برآمدات کی ڈیجیٹل سروسز پر مشتمل ایک فریم ورک ہے جو کہ ان شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا جو براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ترغیب کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کی جانب یہ انتہائی اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جامع ڈیجیٹل معیشت کی طرف گامزن ہے جو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک قدم ہے،یہ اقدام معاشی ترقی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔