جمعرات, جنوری 23, 2025
ہومLatestشہباز شریف کی یوتھ پروگرام کے تحت قرض رقم 15لاکھ کرنے کی...

شہباز شریف کی یوتھ پروگرام کے تحت قرض رقم 15لاکھ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت قرض رقم 5لاکھ سے بڑھا کر 15لاکھ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں اور خواتین انٹرپرینیورز کو بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے ،ایس ایم ایزکے کاروبار کو دی جانیوالی سہولیات کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کا اطلاق یقینی بنایا ،خواتین انٹرپرینیورز کیلئے خصوصی پیکیج جلد تشکیل دیا جائے۔

جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، ایس ایم ای شعبے کے نمائندے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد ایس ایم ایز کیلئے قرض فارم کو مزید آسان اور سادہ کردیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایز اپنے کاروبار کی بہتری کیلئے قرض کی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایز کی درجہ بندی اس حوالے سے کی جارہی ہے کہ تمام چھوٹے اور متوسط پیمانے کے کاروبار حکومتی معاونت و سہولیات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں اور انہیں بروقت و آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی ہو۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایز میں بہت چھوٹے پیمانے اور گھریلو خواتین کے چھوٹے کاروبار کی سہولت کیلئے نئی کیٹیگری متعارف کروائی جائے گی جس میں ان کو قرض کے حصول میں آسانی سے لیکر کاروبار کی بہتری کیلئے حکومتی معاونت حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے تین بڑے شہروں میں ایس ایم ایز کے اعشاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ چند ماہ میں پورے ملک میں موجود ایس ایم ایز کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی منصوبہ بندی کیلئے سروے کیا جائے گا، ایس ایم ایز کو معاونت کے حکومتی لائحہ عمل کے اہداف اور ان کی تکمیل کی مدت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سمیڈا رواں برس فروی تک ایس ایم ایز کیلئے فنانشل لٹریسی اور تربیتی پروگرام کا اجرا کرے گا، اس کے علاوہ ایس این ایز کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کروانے کیلئے بھی پروگرام کو رواں برس کے وسط تک حتمی شکل دے کر جاری کردیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم 5لاکھ سے بڑھا کر 15لاکھ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کاروبار کو سہولیات فراہمی کیلئے ان کا تفصیلی سروے کرکے جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو دی جانیوالی سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کا اطلاق یقینی بنایا جائے اور چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں خواتین انٹرپرینیورز کیلئے خصوصی پیکیج تشکیل دے کر جلد پیش کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، پاکستان کی افرادی قوت کو کاروبار کی ترغیب دینے کیلئے حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت دینے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں اور خواتین انٹرپرینیورز کو اس قدر بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے کہ وہ نہ صرف خود روزگار کمائیں بلکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کریں۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!