بیجنگ (شِنہوا)وزارت تجارت کے مطابق 2024 کے دوران بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آرآئی)میں شریک ممالک کے ساتھ چین کی اشیاء کی تجارت221کھرب یوآن( 30.7کھرب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی۔
وزارت کی عہدیدار لی یانگ شا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ سال چین کی تقریباً 54 فیصد درآمدات بی آر آئی کے شراکت دار ممالک سے ہوئی، چین کی وسیع مارکیٹ دنیا بھر کے ممالک کے لیے ترقی کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر آئی شراکت دار ممالک کو چین کی برآمدات میں صارفین کی اشیاء کے ساتھ ساتھ صنعتی سامان اور پرزے شامل ہیں اور ان برآمدات نے ان ممالک کی صنعتی ترقی کو فروغ دینے میں مدد کی ہے۔
بی آ ر آئی ممالک کے ساتھ دو طرفہ سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران بی آر آئی ممالک میں چین کی غیر مالیاتی براہِ راست سرمایہ کاری 214.66 ارب یوآن رہی جبکہ ان ممالک سے چین میں سرمایہ کاری 99.87 ارب یوآن تک پہنچ گئی۔
لی نے کہا کہ چین نے گزشتہ سال جنوری سے نومبر تک بی آر آئی ممالک کے ساتھ 36 سرمایہ کاری تعاون کے معاہدے کیے، ان میں سبز، ڈیجیٹل اور بحری معیشت جیسے ابھرتے ہوئے شعبے شامل ہیں۔