ٹانک: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے 2الگ الگ آپریشنز میں 8خوارج ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13جنوری کو خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2الگ الگ کارروائیاں کیں۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے تلاش کر کے 6خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کیا جس میں 2خارجی دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا۔بیان کے مطابق ہلاک ہونیوالے خوارج سے اسلحہ، گولیاں اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے جبکہ مزید خارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔