اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت خارجہ کو فوزیہ صدیقی سے امریکہ میں پاکستانی سفیر کی ملاقات یقینی بنانے کاحکم، وزیر اعظم کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی ۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی و وطن واپسی بارے دائر درخواست پر سماعت کی۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق پیش ہوئے اور مو قف اپنایاکہ وزیر اعظم کے امریکی صدر کو لکھے گئے خط پر جواب موصول نہیں ہوا، امریکا سے یہ بھی جواب نہیں آیا کہ خط موصول ہو گیا ہے کہ نہیں۔دوران سماعت عدالت میں وزیر اعظم کے بیرون ملک دوروں کا ریکارڈ بھی پیش نہیں کیا جا سکا وزارت خارجہ کے نمائندے نے بتایا کہ سیکرٹری خارجہ چین ہیں، اس لئے تفصیلات جمع نہیں کرواسکے ، وقت دیا جائے، عدالت نے وزیر اعظم کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے تک مہلت دے دی۔
وکیل عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکا پہنچ گئی ہیں۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی تاحال امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر سے ملاقات نہیں ہو سکی جس پر عدالت نے وزارت خارجہ کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے امریکہ میں پاکستانی سفیر کی ملاقات یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 24جنوری تک ملتوی کردی۔