راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ دیگر کیسوںکی طرح 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس بھی ختم ہوگا، فیصلہ نہ آنا ڈیل کا نتیجہ نہیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی القادر یونیورسٹی کے مالک نہیں ٹرسٹی ہیں،القادر کیس سیاسی طور پر بنایا گیا ہے، ہمارے ساتھ ناانصافی ہوتی رہی ہے، بانی پی ٹی آئی پر دبا ڈالنے کیلئے بشری بی بی کا نام بھی القادر کیس میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کیسز کی پرواہ نہیں، ہم فیصلہ سننے کیلئے آج عدالت آئے تھے، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے کورٹ تک لانا جیل انتظامیہ کا کام تھا،ہمیں فیصلے کا وقت 11بجے دیا گیا تھا ،ہم اسی حساب سے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ نہ آنا کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اعلی عدلیہ سے امید ہے، ہم اعلی عدالت میں جائیں گے جس طرح باقی کیسز ختم ہوئے یہ کیس بھی ختم ہو گا۔