اسلام آباد: رہنما ء پی ٹی آئی بابر اعوان نے کہا ہے کہ عارضی نظام حکومت ،فرضی فارم 47والوں کا مستقبل باقی نہیں رہا، القادر ٹرسٹ کیس نہیں، ایجنڈا ہے ،عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ملٹری کسٹڈی میں رہنے والے نوجوانوں کا باہر نکلنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ٹرسٹ کی پراپرٹی پر ایک علم کا شہر آباد کرنے کے مقدمہ میں سزا دی جا رہی ہے، یہ کیس نہیں، یہ ایجنڈا ہے جس سے بانی اور پی ٹی آئی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ سب سیاست ہے، سزا سے پہلے کیا فرق پڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بشری بی بی یا نوجوان جو ملٹری کسٹڈی میں رہے، معافی نہیں مانگی، ان کا باہر نکلنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے یہ کینگرو کارروائی ہے، ایسا مقدمہ جس کا فیصلہ جج نے سنانا ہے وہ سوشل میڈیا پر پہلے ہی سنایا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجومی سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی سزا کا اعلان کر رہے ہیں، کہہ رہے ہیں کہ اس مرتبہ بار لمبا 72صفحوں والا فیصلہ آئے گا، یہ کیسی عدالت ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسا نظام انصاف ہے؟ سپریم کورٹ بھی اس پر خاموش ہے، یہ جلدی میں اس لئے ہیں کہ گلوبل اور ریجنل تبدیلیاں آ رہی ہیں، عارضی نظام حکومت اور فرضی فارم 47والوں کا کوئی مستقبل باقی نہیں رہا، ان کا ٹائم آگیا ہے۔