بلغراد (شِنہوا)ائیرسربیا نے بلغراد سے چینی شہر شنگھائی کے لئے براہ راست پروازیں شروع کردی ہیں۔ اس ضمن میں پہلی پرواز جمعہ کی شب نکولا ٹیسلا ہوائی اڈے پر رسمی تقریب کے بعد ہفتے کی صبح سویرے روانہ ہوئی۔
تقریب میں شریک سربیا کے صدر الیگزینڈر ووسک نے بڑھتے تجارتی اور سیاحتی تعلقات کے تناظر میں چین کے ساتھ براہ راست رابطے کی اہمیت اجاگر کی۔
صدر نے کہا کہ 2024 میں چین کے ساتھ سربیا کی تجارت تقریباً 7 ارب یورو (7.18 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی۔ تقریباً 1 لاکھ 47 ہزار چینی سیاحوں نے سربیا کا دورہ بھی کیا تھا۔
سربیا میں چینی سفیر لی منگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئی پرواز تبادلہ و تعاون مزید وسیع کرنے ، اہلکاروں کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
پہلی پرواز مقامی وقت کے مطابق نصب شب 12 بجکر 45 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح 4 بجکر 45 منٹ) پر روانہ ہوئی۔ پرواز میں سربیا ۔ چین طلبا تبادلہ میں شریک 100 سے زائد نوجوان موجود تھے۔
یہ ائیر سربیا کی چین کے لئے براہ راست پروازوں کا تیسرا روٹ ہے ۔ائیر لائن نے اعلان کیا ہے کہ موسم سرما کے دوران اس روٹ پر ہفتے میں دو بار منگل اور ہفتہ کو بلغراد سے پروازیں چلیں گی جس کی شنگھائی سے واپسی بدھ اور اتوار کو ہوگی۔