سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کو بنی گالہ منتقلی کی پیشکش کی نہ رہائی کیلئے دباؤ ہے، پی ٹی آئی کے ملک کو نقصان پہنچانے کے تمام حربے ناکام ہوگئے، معیشت سنبھل رہی ہے، ملک میں امن ہوجائے تو ہم خود کفیل ہوجائیں گے۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا تعلق عدالت سے ہے،میرا عدلیہ سے کوئی تعلق ہے ،نہ میں جوتشی ہوں کہ وقت سے پہلے بتا سکوں۔انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ عمران خان کو بنی گالہ منتقل ہونے کی پیشکش ہوئی تھی مگر یہ ان کی اپنی خواہشات ہیں جس میں صداقت نہیں، اس بارے ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ملک کو نقصان پہنچانے کے تمام حربے ناکام ہوگئے ہیں،ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، اب یہ کہہ رہے ہیں کہ دو تین مہینے بعد اس کے اثرات ظاہر ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاسی استحکام قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی دعائیں رنگ لے آئی ہیں کہ یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہوئیں، اب ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازیں فرانس کے بعد برطانیہ اور نارتھ امریکا تک بھی چلائیں گے، 19یورپی شہروں تک پی آئی اے کی پروازیں چلائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت بتدریج سنبھل رہی ہے، اگر ملک میں امن ہوجائے تو ہم خود کفیل ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی ہمارے لئے قابل فخر ہے۔ انہوں نے اپنی کاروباری بصیرت سے ایئرپورٹ بنایا، اگر حکومت بناتی تو ہوسکتا ہے 10گنا زیادہ خرچہ آتا۔