اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے لڑکیوں کی تعلیم بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم حاصل کرنا ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے ،مشترکہ اقدامات سے غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانا ہوگا،حکومت لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کیساتھ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ہفتہ کو اسلام آباد میں مسلم معاشروں ،لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع کے عنوان سے منعقدہ 2روزہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ وقت میں درپیش چیلنجز میں ایک اہم چیلنج لڑکیوں کی تعلیم بھی ہے، مسلم ممالک کو اس سے نمٹنے کیلئے بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے تمام اقدامات کرنے کیساتھ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے ،اس شعبے میں سامنے آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اقدامات سے غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانا ہوگا۔
وزیراعظم نے اسلام کے ابتدائی دور میں حضرت خدیجہ کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام نے خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کیلئے علم حاصل کرنے کی اہمیت بتائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی بہن محترمہ فاطمہ جناح نے بھی قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیا، اسی طرح بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج مریم نواز پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر خواتین قابل اور ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں،ارفع کریم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کانفرنس کا انعقاد ہمارے لئے اعزاز ہے ،اس میں ملالہ یوسف زئی کا شریک ہونا بھی فخر کا باعث ہے، وہ ہمت اور عزم کی علامت ہیں۔