راولپنڈی: عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس میں بشری بی بی اور وکیل کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہ پر جرح مکمل نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کی ہدایت کردی۔
جمعہ کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی عمران خان و اہلیہ بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ 2کیس پر سماعت کی۔
بشری بی بی اور وکیل عدالت پیش نہ ہو ئے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے چوتھے گواہ کیبنٹ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈنیشن محمد احد پر جرح مکمل کی، استغاثہ کے گواہ طلعت کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔
عدالت نے بشری بی بی کے وکلاء کی جانب سے آئندہ سماعت پرگواہ پر جرح مکمل نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے محمد شفقت،قیصر،عمر صدیق،محسن اور فہیم کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کرلیا۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت 14جنوری تک ملتوی کر دی۔