اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے ،ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے رہ گئے۔
جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024تک 3.1ارب ڈالر ترسیلات زر وصول ہوئیں جو نومبر 2024ء سے 5.6فیصد زائد ہیں ، دسمبر 2023ء سے دسمبر 2024ء تک ترسیلات زر میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت ملکی ترقی و عوامی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے۔