اسلام آباد: وزیر ہوا بازی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا کی کئی ایئر لائنز کو بنانے میں کردار ادا کرنیوالی ایئر لائن ایک بیان سے تباہ ہوئی، غلط فیصلوں پر احتساب نہ ہونا ملک کا بڑا المیہ ہے، پیرس کیلئے ڈائریکٹ پروازوں کے آغاز تاریخی لمحہ،چند دنوںمیں برطانیہ، امریکہ کیلئے بھی پروازوںکا آغاز ہوگا، کھویا مقام حاصل کریں گے۔
جمعہ کو وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فرانس ایمبیسی سٹاف کے ہمراہ پی آئی اے کی ساڑھے 4 سال بعد پیرس کیلئے بحال ہونے والی پہلی پروازکا افتتاحی فیتہ کاٹا ۔ اس موقع پر سیکرٹری ایوی
ایشن،ڈی جی سی اے اے ،سی ای او پی آئی اے عامر حیات،ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی ودیگر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پی آئی اے دنیا کی لیڈنگ ایئرلائن تھی، پی آئی اے نے بہت سی ایئرلائنز کو بنانے میں کردارادا کیا، پھر ہم دوسری ایئرلائنز کے محتاج ہوگئے،جو ہماری پروازلیکر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسمبلی فلور وزیر ہوا بازی کے بیان سے بہت بڑی تباہی آئی ، پورے ساڑھے 4سال ہمارے اوورسیز پاکستانی ڈائریکٹ یہاں نہیں آسکتے تھے، انہیں دبئی،دوحہ ، ابوظہبی یا کہیں اور سے فلائٹ لیکر پاکستان آنا پڑتا تھا،سفر بھی مہنگا ہوگیا تھا،رقم بھی زیادہ دینی پڑتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایک بیان نے اتنی بڑی تباہی کو جنم دیا، بہت بڑا المیہ ہے کہ یہاں اس طرح کے غلط فیصلوں پر احتساب نہیں ہوتا، آج سے پھر پیرس کیلئے ڈائریکٹ فلائٹس کا آغاز ہو رہاہے آج ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹ پرواز کو ممکن بنایا، آج ہم عالمی معیار پر پورا اترتے ہیں، آئندہ دنوں میں برطانیہ،یوایس اے کیلئے بھی پروازوں کا اجرا ہوگا، پی آئی اے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔