اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی کو غیر قانونی طور پر پاکستان میں قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی،عالمی برادری کو مل کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے لائحہ عمل بنانا ہو گا۔
جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی ،اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور امریکی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے پاک امریکا تعلقات کے فروغ کیلئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، عالمی برادری کو مل کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے لائحہ عمل بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی کو غیر قانونی طور پر پاکستان میں قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی کے دوران تمام اداروں کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔