اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سستا ترین انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے، بغیر ثبوت وی پی اینز بارے پروپیگنڈا کیا گیا، تنقید ضرور کی جائے مگر ملکی تشخص برباد نہ کریں،2025خوشخبریوں کا سال ہے، متحد ہو کر ملکی معیشت کو بہتر کر سکتے ہیں۔
میڈیا کرکٹ لیگ 2025ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا طلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ ملک میں کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، خوبصورت کرکٹ گرائونڈ میں شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو مل رہا ہے،میڈیا کرکٹ لیگ میں شریک تمام کرکٹ ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے میڈیا کی تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی ٹیم کو انعامات دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چمپئنز ٹرافی کا بڑا ایونٹ بھی آ رہا ہے ،الحمد اللہ پاکستان میں ایسے ٹورنامنٹس کی میزبانی کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان نے کھیل کے میدان میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ایس سی او کے کامیاب انعقاد سے سب کو معلوم ہو گیا ہے ہم بڑے ایونٹس منعقد کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے پاکستان کا تشخص مزید بہتر ہوگا، اڑان پاکستان پروگرام میں بھی کھیل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2025خوشخبریوں کا سال ہے، متحد ہو کر پاکستان کی معیشت کو بہتر کر سکتے ہیں، سٹاک ایکسچینج دن بدن ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔
انہوںنے کہا کہ کھیل کو سیاست میں اور سیاست کو کھیل میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے، پاکستان میں کھیلوں کی بہتری میں حکومت دن رات کوشاں ہے، پاکستان میں سستا ترین انٹرنیٹ صارفین کو فراہم کیا جا رہا ہے، بغیر کسی ثبوت کے وی پی اینز کے بارے میں پروپیگنڈا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تنقید ضرور کی جائے مگر پاکستان کا تشخص برباد نہ کریں، اب تو سیاسی مخالفین بھی پاکستان کے معاشی استحکام کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔