اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو سرمایہ کاری بارے معاملات آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای نے 2ارب ڈالر رول اوور کر دیئے ہیں، بجلی قیمتوں میںکمی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، انسانی سمگلنگ خاتمے کیلئے یکسوئی کیساتھ کام جاری ہے، ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ،اسی عزم کیساتھ کام کرتے رہے تو جلد خوشحال قوم ہوں گے۔منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات مفید رہی ہے ،ان سے باہمی تعلقات مضبوط کرنے کے اقدامات سمیت سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اماراتی صدر سے قرض ہدف کے متعلق سرمایہ کاری کی درخواست کی جس پر شیخ زید النہیان نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے رواں ماہ (جنوری)میں واجب الادا 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے گزارش کی ہے کہ سرمایہ کاری سے متعلق آگے بڑھیں اور معاملات کو آگے لے کر جائیں۔انہوں نے کہا کہ معاشی سفارتکاری کی کوششوں کے ثمرات آ رہے ہیں، معیشت میں استحکام آ رہا ہے، ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے بارے کچھ تجاویز زیر غور ہیں جس پر رواں ہفتے جامع منصوبہ بندی ترتیب دی جائے گی جس کے ذریعے ہماری ترقی ممکن ہوسکے گی۔
انہوںنے کہا کہ بجلی کی قیمت کم نہیں ہوگی تو انڈسٹری، زراعت، ایکسپورٹ ترقی نہیں کرے گی، بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا جس میں یقینی طور پر ہمارے ساتھی بات کریں گے اور معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن بدقسمتی اس میں خاطر خواہ کردار ادا نہیں کیا گیا، سمیڈا کا بورڈ تک نہیں تھا جسے گزشتہ ہفتے اجلاس کے دوران ترتیب دیا گیا، وفاق اور صوبے اس کو ملکر کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو پاکستان آرہے ہیں جن کیساتھ برادرانہ تعلق ہے، ان کے آمد کے موقع پر ایجنڈے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گزشتہ روز اجلاس میں بات چیت کی ہے۔
انہوںنے کہا کہ لوئر کرم میں امن معاہدے کے بعد ڈپٹی کمشنر پر حملہ افسوس ناک ہے، حملے کر کے امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، ڈپٹی کمشنر کا علاج جاری ہے، تمام زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، پوری قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کی معترف ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندا کئی سال سے جاری ہے اس بارے پوری یکسوئی کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے، وزیرداخلہ کی ٹیم اور ذیلی ادارے اس مکروہ دھندے کے خاتمے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت میں استحکام آرہا ہے ،اسی عزم کے ساتھ اگر ہم کام کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب ہم اللہ کے فضل سے ایک خوشحال قوم ہوں گے۔