اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہید اعتزاز کی میراث آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ،ہمت اور بہادری کا ایک عمل کئی زندگیوں کو بچا سکتا ہے۔وطن کیلئے جان قربان کرنیوالے طالبعلم اعتزاز حسن کی برسی کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے پاک مٹی کے فرزند شہید اعتزاز حسن کی شہادت کو یاد کرکے افسردہ ہیں جن کی غیر معمولی جرات ہمارے لئے امید کی کرن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعتزاز نے صرف 15سال کی عمر میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنے سکول و ہم جماعتوں کو دہشت گرد حملے سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز کا بے لوث و غیر متزلزل عزم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمت اور بہادری کا ایک عمل کئی زندگیوں بچا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اعتزاز کی میراث آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔