جمعرات, جنوری 9, 2025
ہومLatestیوم حق خود ارادیت، پاکستان کا کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی و...

یوم حق خود ارادیت، پاکستان کا کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کا مقصد اکثریتی کشمیری عوام کو اپنے ہی وطن میں بے اختیار ،اقلیتی برادری میں تبدیل کرنا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے ،ایسے بامعنی اقدامات اٹھائے جن کی بدولت جموں و کشمیر کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا استعمال کرسکیں۔

یوم حق خود ارادیت کشمیر پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہر سال 5جنوری کشمیریوں کے ‘یومِ حق خود ارادیت’ کے طور پر منایا جاتا ہے۔1949ء  میں آج کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے تاکہ کشمیری عوام کیلئے ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت، اقوام متحدہ کے چارٹر  اور بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جو لوگوں کو اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق کی وکالت کرتی ہے، یہ قرارداد غیر ملکی قبضے کے تحت لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے واضح حمایت کا اظہار کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ انتہائی قابل افسوس امر ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ 7دہائیوں سے اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکی، آج وقت ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے بامعنی اقدامات اٹھائے جن کی بدولت جموں و کشمیر کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا استعمال کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری بند کرنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کیلئے ایسے متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے جن سے علاقے کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ نوعیت کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ5 اگست 2019ء کے بعد سے کئے گئے غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات کے ایک سلسلے کے ذریعے، بھارت، متنازع علاقے کی آبادی کی نوعیت اور سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا مقصد اکثریتی کشمیری عوام کو ان کے اپنے ہی وطن میں ایک بے اختیار اقلیتی برادری میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی جائز جدوجہد کو کچلتے ہوئے کشمیری عوام کو وسیع پیمانے پر منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق ہے کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں