کراچی: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مضبوط معیشت کو مضبوط دفاع کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کو مستحکم کررہی ہے،ہمیں عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔
کراچی میں نیوی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر شکر گزار ہوں،پاکستا ن نیول اکیڈمی دنیا کے بہترین اداروں میں شامل ہے ،پریڈ میں ڈسپلن اعلی تربیت کا مظہر ہے، پاس ہونیوالے تمام کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان نیوی سمندری حدود کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔
انہو ں نے کہا کہ خطے میں توازن برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں تمام درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو تربیتی کورسز کا ضروری حصہ بنا دیا گیا ہے، عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی معیشت اللہ کے فضل سے دن بدن مضبوط ہورہی ہے،مضبوط معیشت ہی مضبوط دفاع کیلئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت ضروری ہے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے،بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیر میں مظالم کو بند کرے۔
قبل ازیں پاکستان نیول اکیڈمی میں 122ویں مڈشپ مین ،30ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمان خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے بہترین مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔
پاکستان نیوی میں 79افسران نے کمیشن حاصل کیا جن میں 50مڈ شپ مین ،29ایس ایس سی کورس افسران شامل ہیں، کمانڈنٹ وجاہت جاوید نے پاس آؤٹ ہونیوالے کیڈٹس سے پاکستان کی خدمت، وفاداری اور فرائض کی انجام دہی کا حلف لیا۔