پیر, جنوری 6, 2025
ہومLatestسازشی عناصر،سہولت کاروں ،فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ،...

سازشی عناصر،سہولت کاروں ،فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سازشی عناصر،سہولت کاروں ،فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ہے،دشمن گھاٹ لگائے بیٹھا ہے، باہر بیٹھے ایجنٹ سوشل میڈیا کے ذریعے حقائق مسخ کررہے ، جھوٹ کا طوفان نہ روکا تو تمام کاوشیں دریا برد ہوجائیں گی، شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں سمجھنے والے بڑی بھول میں ہیں، پاکستان قائم و دائم رہے گا۔

جمعہ کو اپیکس کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ایک اور اچھا موقع ہے پاکستان نے سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے 2سال کیلئے ذمہ داری سنبھال لی ہے، ان شا اللہ اس دوران پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور عالمی سفارت کاری میں اپنی پوری استعداد کے ساتھ شریک ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ایجنڈا اسی صورت شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے جب ہم سب مل کر چاروں صوبوں، وفاق، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں امن و امان قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبے وفاق اور دفاعی اداروں کیساتھ مل کر پاکستان کی بہتری اور خوشحالی کیلئے مربوط منصوبہ بندی کریں تو بطور وزیراعظم میری کوئی پسند و ناپسند نہیں ہے، قومی مفاد پہلی ترجیح ہے، مجھے سو فیصد یقین ہے کہ دیگر شرکاء کی بھی یہی سوچ ہے، اگر ہم اس سوچ کو عملی جامہ پہنائیں تو پھر کوئی مشکل، مشکل نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے خلاف جو زہر اگلا جارہا ہے، پاکستان سے باہر جو ایجنٹ بیٹھے ہیں، وہ دوست نما دشمن ہیں ،جس طرح وہ سوشل میڈیا پر مہم چلائی جاری ہے ہیں وہ بذات خود بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایجنٹ جھوٹ کے ذریعے حقائق کو مسخ کررہے ہیں، اس جھوٹ اور حقائق مسخ کرنے کی بنیاد پر پاکستان خلاف بیانیہ بنایا جارہا ہے، سوالات اٹھوائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، چند روز قبل سرحد پار سے کئے گئے حملے کا منہ توڑ جواب دیا گیا، دشمن کے گھس بیٹھیے خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیٹھے ہیں، ہمیں بخوبی علم ہے کہ بلوچستان میں پاکستان کیخلاف بنی جانے والی سازشوں میں کون کون سے ممالک سپورٹ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کیخلاف سازشیں کرنیوالوں ،سہولت کاروں ،فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ہے۔انہوںنے کہا کہ پچھلے دو چار ہفتوں میں اسلام آباد پر جو یلغار ہوئی اس کے نتیجے میں سوشل میڈیا نے جھوٹ اور حقائق کو مسخ کرنے کا جو طوفان اٹھایا حالیہ وقتوں میں اس کی نظیر نہیں ملتی، اگر ہم نے اسے کاؤنٹر نہ کیا تو ہماری تمام کاوشیں دریا برد ہوجائیں گی۔

انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا بارے صوبوں اور وفاق میں کوششیں کی جارہی ہیں، اسلام آباد پر چڑھائی کے دوران شہید ہونیوالے رینجرز اہلکاروں کے لاف کس طرح جھوٹی خبریں گھڑی گئیں، یہ وہ معاملات ہیں جن پر آج ہمیں سنجیدگی سے گفتگو کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں فوج اور پولیس قربانیاں دینے والے سپاہی بھی ماں کے سپوت ہیں، جو اپنے خون کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور اپنے کام سے مخلص ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جو لوگ ان کوششوں کو رائیگاں کرنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی بھول میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ پاکستان قائم و دائم رہے گا اور ان قربانیوں کے نتیجے میں ہم اتحاد اور عمل کے راستے پر چلتے ہوئے فتنوں کا خاتمہ اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر یں گے۔

Author

مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

الأكثر شهرة

احدث التعليقات