اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے سرحد پار ماورائے عدالت ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے نمٹنے ،قومی سلامتی وخودمختاری کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، کسی ملک کی حکومت یا ادارے کوفوجی اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا ماورائے سرحد ہلاکتوں اور اغواء کا نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل گیا ہے ،دوسرے ملک بھی بھارت کی سرحد پار سرگرمیوں کے باعث تشویش کااظہار کر رہے ہیں۔
انہوںنے بتایا کہ رپورٹس کے مطابق بھارت کی ایجنسی را 2021ء سے پاکستان میں قتل کے احکامات جاری کر رہی ہے، اس نے 20افراد کو اپنی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دے کر نشانہ بنایا ہے،واشنگٹن پوسٹ نے حال ہی میں رپورٹ کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را 2021ء سے پاکستان میں لوگوں کو قتل کرنے کی کارروائیاں کر رہی ہے،گارجین کے مطابق بھارتی حکومت نے پاکستان میں 20افراد کو قتل کرنے کی ہدایت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے سے اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین کے تعاون سے قائم کی گئی گوادر کی بندرگاہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کسی ملک کی حکومت یا ادارے کوفوجی اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔