اسلام آباد: نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق اڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا بیانیہ دم توڑ چکا ، قوم کیساتھ وعدوں پر عمل کیلئے کوشاں ہیں، حکومت نے 2024میں چیلنجز کو بہترین انداز میں ہینڈل کیا ،معاشی صورتحال بہتر ہور ہی، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ،مہنگائی ،شرح سود میں کمی ہوئی،آئی ٹی سیکٹر کے علاوہ دیگر شعبوں میں ترقی ہورہی ہے، فلسطین کی صورتحال پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سب کو نیا سال مبارک ہو، امید ہے یہ سب کیلئے بہترین ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء ہمارے لئے اہمیت کا حامل تھا ، گزشتہ سال الیکشن ہوئے، عوام نے (ن) لیگ کو مینڈیٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2024ء میں چیلنجز کو بہترین انداز میں ہینڈل کیا، ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا تھا، کہا جارہا تھا پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار ہوگیا لیکن ہم نے حکومت میں آتے ہی ہر محاذ پر بہترین کام کیا جس سے سفارتی تنہائی کا پراپیگنڈا ہوا میں اڑ گیا آج پاکستان پوری طرح ایکٹیویٹڈ ہے، فارن آفس تمام فورمز پر اپنی ذمہ داریاں ادا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو مہنگائی عروج پر تھی جس میں مسلسل کمی دیکھنے میں آئی ہے اب مہنگائی میں اضافے کی شرح 5فیصد سے بھی کم ہوگئی ہے جبکہ اس وقت شرح سود 22فیصد تھا جو اب 13فیصد پر آگیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کہ قوم کیساتھ جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل کرنے کیلئے بھرپور کوشاں ہیں، معیشت کی صورتحال پر بہتر ہورہی ہے، زرمبادلہ ذخائر میں بھی نمایاں اضافہ ہوا جبکہ دو روز قبل ہی وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی کیلئے اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام پر بجلی کا بوجھ بہت زیادہ تھا جس کی بہت ساری وجوہات تھیں، پچھلے چند سالوں میں پاکستان روپے میں گراوٹ آئی لیکن اب کرنسی بھی مستحکم ہے جس وجہ سے ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہورہا ہے، اس کے علاوہ آئی ٹی سیکٹر کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی ترقی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے 200 یونٹ استعمال کرنیوالے بجلی صارفین کیلئے ایک سکیم متعارف کروائی اور پھر پنجاب میں 200سے 500یونٹ تک سبسڈی دی گئی۔ انہوںنے بتایا کہ وفاق کی جانب سے بجلی مد میں 50ارب جبکہ پنجاب میں 57ارب روپے تک بجلی بلوں میں ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا سول نیوکلیئر انرجی پر بڑی تنقید ہوتی تھی، اللہ کا کرم ہے سول نیوکلیئر انوجی سمٹ میں دنیا نے مان لیا، ہم نے پی ڈی ایم حکومت سے چشمہ فائیو کا معاہدہ فائنل کیا تھا، چین کے ساتھ چشمہ فائیو پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دفتر خارجہ کے ترجمان کی تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے، ممتاز زہرہ بلوچ کو وزیراعظم سے مشاورت کے بعد فرانس میں بطور سفیر تعینات کیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ شفقت خان کو نیا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے بارے میں واضح مو قف رکھتا ہے، وزیراعظم نے ہرفورم پر غزہ اور مقبوضہ کشمیر کیلئے کھل کر آواز اٹھائی جب کہ او آئی سی کے جموں کشمیر کے رابطہ گروپ کا اجلاس ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح غزہ کے معاملے پر آواز بلند کی شائد ہی کسی اور ملک نے اس طرح کھل کر اسرائیلی اقدامات کے خلاف آواز اٹھائی ہو، فلسطین کی صورتحال پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔