اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو میثاقِ معیشت کی دعوت دیں گے، چاہتے ہیں سڑکوں پر فساد اور انتشار نہ ہو،آئی ٹی ایکسپورٹ کم نہیں ہوئی 34فیصد بڑھی ہے، آئین وقانون دائرے میں کئے گئے پی ٹی آئی کے مطالبے پر غور کریں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دوسروں کو کہتے تھے رسیدیں دکھائو، آپ بھی سرکاری تحائف کی رسید دکھا دیں آپ کو کچھ نہیں کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص جوڈیشل ریمانڈ پر ہوتا ہے اس کی رہائی عدالت سے ہی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بھی بانی پی ٹی آئی کے بنائے جھوٹے کیس بھگتے، ہم نے مقدمے لڑ کر عدالتوں سے رہائی حاصل کی، باہر کسی کے پائوں نہیں پڑے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات میں آئین و قانون کے دائرے میں کئے گئے مطالبے پر غور کرے گی، امید ہے پی ٹی آئی کے دوست بھی کھلے دل سے مذاکرات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو میثاقِ معیشت کی دعوت دیں گے، ہم چاہتے ہیں سڑکوں پر فساد اور انتشار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اڑان 5 سالہ منصوبہ ہے، ہماری آئی ٹی ایکسپورٹ کم نہیں ہوئی 34فیصد بڑھی ہے۔