سیئول: جنوبی کوریا میں لینڈنگ کے دوران طیارہ رن وے کیساتھ لگی باڑ سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد151 ہو گئی ،2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بہت سے افراد طیارے سے باہر گرنے کے باعث ہلاک ہوئے، طیارہ حادثہ ممکنہ طورپرپرندہ ٹکرانے اورخراب موسم کے باعث پیش آیا تاہم حادثے کی اصل وجہ کا اعلان مکمل تحقیقات کے بعدکیا جائیگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب جنوبی کوریا کے موان ائیرپورٹ پر پیش آیا،طیارہ رن وے سے اتر کر رن وے کے گرد لگی باڑھ سے جا ٹکرایا جس سے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم بعد ازاں ایمرجینسی عملے نے طیارے میں لگی آگ بجھا دی۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی کورین ائیرلائن کے طیارے میں 175 مسافر اور 6 فلائٹ اٹینڈنٹ سوار تھے جبکہ طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل کنٹرول ٹاور نے طیارے سے پرندے ٹکرانے کی وارننگ بھیجی تھی۔
دوسری جانب سی ای او جیجو ائیر کا کہنا ہے طیارہ حادثے کی وجوہات ابھی تک غیر واضح ہیں، طیارے کی خرابی کے کوئی ابتدائی شواہد نہیں ملے، گرنے والے طیارے کے حادثات کا کوئی سابقہ ریکارڈ نہیں تھا، طیارہ حادثے پر معذرت خواہ ہیں۔