اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ ٹاسک فورس میں بطور حکومت سب مل کر کام کر رہے ہیں،فوکس ٹاپ 5فیصد لوگ ہیں، ان لوگوں کو ٹارگٹ کر رہے ہیں جو رقم خرچ کرتے ہیں، ایک لاکھ 69ہزار مالدار افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔
وفاقی وزراء عطاء تارڑ، سینیٹر محمد اورنگزیب اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا فوکس ٹاپ 5فیصد لوگ ہیں، ایک لاکھ 69ہزار مالدار افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں، ان میں سے 38ہزار افراد نے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا دیئے ہیں، ان افراد کا ڈیٹا مانیٹر کیا جا رہا ہے، ان افراد نے 37کروڑ 76روپے کا ٹیکس ادا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اس شعبے کی پیداوار کو بھی مانیٹر کیا جا رہا ہے، پنجاب میں شوگر ملز کے خلاف کارروائی بھی کی گئی ہے،شوگر انڈسٹری میں وڈیو کیمرا کے ذریعے مانیٹر کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 49لاکھ نان فائلرز کا ڈیٹا لیا گیا ہے جنہیں مختلف زوایوں سے دیکھا گیا اور نوٹس جاری کئے گئے، اس میں ایک لاکھ 90ہزار وہ شہری تھے جن سے ٹیکس لیا جانا چاہئے تھا جبکہ 38ہزار لوگوں نے انکم ٹیکس متعلق فائلنگ کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فروری کے آخر تک شوکاز بھجوانے کے نمبرز میں اضافہ ہوجائے گا جس کے بعد تقریبا 377 ملین ٹیکس مزید اکٹھا ہوگا، کچھ سیکٹرز ایسے ہیں جن پر مزید مانیٹرنگ کی جاسکتی ہے۔