اوساکا: رواں سال کے اختتام میں چند دن باقی ، جاپان کے شہر اوساکا میں قہقہے لگانے کی رسم (شِنو) میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، اس رسم کا مقصد پچھلے سال کی تمام بری یادوں کو ہنس کر بھلاناہے۔ قہقہے لگانے کی رسم (شِنو) سال کے اختتام کے قریب منائی جاتی ہے۔
اس بار سالانہ تقریب ہِگاشی اوساکا شہر کی ہیراکا عبادتگاہ میں منعقد ہوئی۔ یہ رسم ایک جاپانی تمثیل پر مبنی ہے کہ دیوتاوں کے زوردار قہقہوں سے وہ چٹانی غار کھل گیا جس میں سورج کی دیوی نے خود کو بند کر لیا تھا۔ سب سے بڑے پادری کے اشارے پر، شرکا 20 منٹ تک زور زور سے ہنستے رہے۔
کچھ لوگ ایک دوسرے کا چہرہ دیکھ کر ہنسے جبکہ کچھ نے اپنے ہنستے ہوئے چہروں کی اسمارٹ فون سے تصاویر لیں۔ ہمسایہ کیوتو پریفیکچر سے اپنی والدہ کے ہمراہ آئی ایک 17 سالہ خاتون نے کہا کہ سب کی ہنسی نے بری یادوں کو اڑا دیا۔انہوں نے کہا میں سمجھتی ہوں کہ 20 منٹ تک ہنسنا مشکل ہو گا لیکن بعد میں مزہ آنے لگا۔