اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے ،نجی شعبے کو ہرسطح پر سپورٹ کیلئے تیار ہے، ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی واقع ہوئی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح 70ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، ہم نے اب معاشی بنیادوں کے استحکام کو مضبوط کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے بعد پالیسی ریٹ میں کمی کی گئی، اقدام سے صنعت ترقی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ شعبے کا معیشت میں اہم کردار رہا ہے، حکومت نجی شعبے کو پالیسی گائیڈ لائن دے گی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہیں، معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کم لاگت گھروں کی تعمیر اہم ہے، گھروں کی تعمیر کیلئے شرح سود میں کمی اہم کردار ادا کرے گی جبکہ سستے گھروں کی تعمیر میں مائیکروفنانس بینکوں کا بھی اہم کردار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اب حکومت مقامی سطح پر قرضے نہیں لے گی، حکومت نجی شعبے کی ہر سطح پر سپورٹ کیلئے تیار ہے، ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مارٹگیج فنانسنگ بارسٹیٹ بینک سے بات چیت ہوگی، لوگوںکو اعتماد میں نہ لیے لینے تک سب اچھے کی خبر نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ بینکنگ انڈسٹری زیادہ پیسہ خرچ کرتی ہے اس کا پتہ چلنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام پالیسی کا تسلسل اور درست ماحول فراہم کرنا ہے، ہر جگہ تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔