ملتان: پاکستان نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے پہلی بار بلائنڈ ٹی20 کرکٹ ورلڈکپ اپنے نام کرلیا ، فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دی ۔ کپتان نثار علی 72 رنز کی اننگز کھیل کرمین آف دی میچ قرارپائے ۔
منگل کو ملتان میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور ز میں 139 رنز بناکر پاکستان کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 140 رنز کا ہدف دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عارف حسین نے 52 گیندوں پر 54 رنز اور محمد سلمان نے 35 بالوں پر 31 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے بابر علی نے 4 اوورز میں 24 رنزدے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قومی ٹیم نے ہدف بغیر کسی نقصان کے 10.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ کپتان نثارعلی نے 72 اور محمد صفدر نے 47 سکور کئے ۔قومی کپتان نثار علی نے وننگ ٹرافی اور 10 لاکھ روپے کا انعامی چیک جبکہ بنگلہ دیش کے کپتان عارف اللہ نے رنرز اپ ٹرافی اور 5 لاکھ روپے کا چیک وصول کیا۔
بنگلہ دیش کے عارف حسین ایمرجنگ پلیئرقرار پائے ۔ ورلڈکپ میں بی ون کیٹیگری میں بیسٹ پلیئر بنگلہ دیش کے عظمت حسین،بی ٹو کیٹیگری میں پاکستان کے نعمت اللہ اور بی تھری کیٹیگری میں دمت سندرووان قرار پائے ۔ ورلڈکپ کاٹائٹل پہلی مرتبہ جیتنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
پورے ٹورنامنٹ میں بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف اوردیگرنے بھی قومی ٹیم کومبارکباددیتے ہوئے کہاکہ معذور افراد کے عالمی دن پر ٹورنامنٹ جیت کر قومی بلائنڈ ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔