الجیریا میں چینی سفیر لی جیان ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
الجیئرز (شِنہوا) الجیریا کے مغربی صوبے ٹیندوف میں ایک نئی چینی ریلوے سلیپر فیکٹری نے کام شروع کردیا، جوکہ چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن (سی آر سی سی) کے مغربی الجیریا ریلوے مائننگ لائن منصوبے کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔
فیکٹری کا افتتاح 575 کلومیٹر طویل مال بردار ریلوے کا ٹریک بچھانے کا آغاز بھی ہے، اس کے ذریعے ٹیند وف میں گارا جبلیت لوہے کی کان کو بیچار صوبے سے جوڑے گی۔
سی آر سی سی کی شمالی افریقہ برانچ کے جنرل منیجر ڈونگ لِن کے مطابق سلیپر فیکٹری خطے میں چینی کمپنی کی قائم کردہ پہلی معیاری کنکریٹ ریلوے سلیپر فیکٹری ہے۔
ڈونگ نے کہا کہ پیداواری عمل کے دوران سی آر سی سی نے خصوصی سلیپر ڈیزائن کا اطلاق کیا ہے جس کا مقصد ٹریک کی مضبوطی بہتر کرنا ، پائیداری بڑھانا اور مرمت کے حوالے سے اخراجات میں کمی کرنا ہے۔
کمپنی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ٹیندوف کے گورنر مصطفیٰ داہو نے سی آر سی سی کی کاوشوں اور اس کے مقامی شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس منصوبے میں ان کی نمایاں شراکت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر سی آر سی سی انٹرنیشنل گروپ کے جنرل منیجر شو ہواشیانگ نے منصوبے کی مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے تحت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے سی آر سی سی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسے چین ۔ الجیریا باہمی مفید تعاون کی ایک مثال قرار دیا۔