آبنائے تائیوان جرنلزم کیمپ کے شرکا گریٹ وال کی سیر کررہے ہیں- (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ میں آبنائے تائیوان میڈیا سربراہ اجلاس ہوا جس میں مین لینڈ اور تائیوان سے 110 سے زائد میڈیا سربراہان، سکالرز اور نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں نئی تبدیلیوں میں آبنائے تائیوان کے ذرائع ابلاغ کی مربوط ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپنی نوعیت کا پانچواں سربراہ اجلاس مرکزی اور کئی ذیلی فورمز پر مشتمل تھا۔ شرکاء نے آبنائے تائیوان میڈیا تعاون اور روابط مستحکم کرنے جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں ذرائع ابلاغ کیسے بنیادی اقدار کا تحفظ کرسکتے ہیں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے تائیوان دفتر اور سٹیٹ کونسل کے تائیوان امور دفتر کے سربراہ سونگ تاؤ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آبنائے تائیوان میں میڈیا سمیت ثقافتی تبادلے اور تعاون کا فروغ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس مقصد کے لئے پالیسی تعاون میں اضافہ اور ادارہ جاتی تحفظ مستحکم بنایا جائے گا۔
تائیوان میں قائم کمپنی وانٹ وانٹ چائنہ کے نائب چیئرمین چھو سی-وے نے کہا کہ آبنائے کے دونوں فریق ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے پورے آبنائے کے میڈیا نمائندگان پر زور دیا کہ وہ چینی قوم کی عظیم تجدید کے حقائق با مقصد انداز میں پیش کریں۔
سونگ نے سربراہ اجلاس میں شریک تائیوان کے میڈیا اداروں کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تائیوان کے میڈیا نمائندوں نے اتفاق کیا کہ وہ دونوں جانب کے ہم منصبوں کے درمیان رابطے اور دوستی کے پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے تائیوان تعلقات کی خرابی کے دور میں روابط اور تعاون بڑھانا اور دونوں طرف کے عوام کے جذباتی تعلق اور باہمی اعتماد کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ اس سے مستقبل میں آبنائے تائیوان تعلقات بتدریج درست سمت میں گامزن ہوں گے۔