چین، مشرقی شہر شنگھائی میں کالج کے طلبا کی تخلیقی کامیابیوں کی نمائش میں شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے منصوبہ کی نمائش کی جا رہی ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے چائنہ انٹرنیشنل کالج سٹوڈنٹس انوویشن مقابلہ 2024 میں حصہ لینے والے طلبا نمائندوں کی حوصلہ افزائی کی ہے تاکہ وہ سائنس کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے ٹیکنالوجی پر مبنی تخلیق میں بھرپور حصہ لیں۔
چین کے صدر شی جن پھنگ نے طلبا کے نام ایک جوابی خط میں اس مقابلے کو عملی مسائل کے حل، تخلیقی عمل میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے اور سیکھنے کے باہمی عمل کے ذریعے چینی اور غیر ملکی نوجوانوں میں دوستی بڑھانے کا پلیٹ فارم قرار دیا۔
انہوں نے اسے کلاس روم اور لیبارٹریز سے حاصل کئے گئے علم کو نافذ کرنے کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے پر طلبا کی تعریف کی۔
چینی صدر نے طلبا پر زور دیا کہ وہ چین اور دیگر اقوام کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی تبادلوں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کو فروغ دیں۔
شی نے معاشرے پر بھی زور دیا کہ وہ بحیثیت مجموعی نوجوانوں کی نشونما اور ترقی پر توجہ دیں، تخلیق اور کاروبار کے لئے ساز گار ماحول کو فروغ دیں اور نوجوانوں کو ایک وسیع پلیٹ فارم مہیا کریں تاکہ وہ چین کی جدیدیت کو آگے بڑھانے کی غرض سے ملک کی کوششوں میں بہتر انداز میں اپنی صلاحیتیں پیش کر سکیں۔
اس سال ہونے والے مقابلے میں 153 ملکوں اور خطوں سے کالج کے 2 کروڑ طلبا نے شرکت کی۔ حتمی مقابلہ منگل کو شنگھائی میں منعقد ہوا۔