جاپان کے ٹوکیو میں کواڈ سکیورٹی ڈائیلاگ کے موقع پر شیبا پارک میں مظاہرین احتجاج کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ نام نہاد کواڈ نظام امریکہ کے لئے چین کو محدود کرنے اوراپنی بالادستی برقرار رکھنے کا سراسر سیاسی آلہ بن چکا ہے۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان ووچھیان نے پریس کانفرنس میں امریکہ،جاپان،بھارت اور آسٹریلیا کی بحری افواج کی جانب سے 8 اکتوبر کو بحر ہند میں مالابار مشق کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ چین سمجھتا ہے کہ متعلقہ ملکوں کے درمیان سکیو رٹی تعاون کسی تیسرے فریق کے مفادات یا علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث نہیں ہونا چاہئے۔
وو نے کہا کہ “ہم متعلقہ فریقوں کی جانب سے تصادم کو ہوا دینے یا علاقائی کشیدگی بڑھانے کے لئے چین کو بہانے کے طور پر استعمال کرنے کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں”۔
وو نے کہا “ایشیا بحرالکاہل کو جغرافیائی مقابلے کے مقام کی بجائے ایک بڑا مرکز ہونا چاہئے جہاں ممالک تعاون کے لئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں۔ہم متعلقہ ملکوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے غلبے کی سوچ بالکل ترک کر دیں اور اس کے برعکس کرنے کی بجائے علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لئے مزید کوششیں کریں۔”