فرانس، پیرس میں منعقدہ پیرس موٹر شو 2024 میں لوگ چینی کار ساز ادارے ڈونگ فینگ فورتھنگ کے پویلین کا دورہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین اور یورپی یونین نے چینی الیکٹرک گاڑیوں بارے یورپی یونین کی اینٹی سبسڈی تحقیقات تنازع کو بات چیت سے حل کرنے پر آمادگی کو دہرایا ہے۔
چینی وزارت تجارت کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ فریقین نے تنازع حل کرنے کے لئے قیمتوں کی ضمانت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ یہ بیان چینی وزیر تجارت وانگ وین تاؤ اور یورپی کمیشن کے ایگزیکٹو نائب صدر اورتجارتی کمشنر والڈس ڈومبروسکس کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کے بعد جاری کیا گیا۔
وانگ نے کہا کہ چین اور یورپ کے مختلف شعبے اس معاملے سے مناسب انداز میں نمٹنے کے لئے توانا آواز اور اعلیٰ توقعات رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کے بعد سے فریقین کے درمیان قیمتوں کی ضمانت کے حوالے سے تفصیلی مذاکرات ہوئے جن کے کچھ پہلوؤں پر مثبت پیشرفت ہوئی تاہم چین اور یورپ میں کاروباری برادری کی بنیادی تشویش کے امور پر اہم اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔
وانگ نے کہا کہ چین اپنے کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کا ہرصورت تحفظ کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین مشاورت کے گزشتہ دور کی بنیاد پر مذاکرات آگے بڑھاتے ہوئے جلد از جلد ٹھوس پیشرفت کریں گے۔