ہومپاکستاناسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی، دفتر...

اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات خطے کو کشیدگی کی طرف لے جائیں گے، اسرائیل کے ایسے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں، پاکستان یوکرین تنازع کے پرامن اورمذاکرات پر مبنی حل کا حامی ہے، پاکستان یوکرین کی طرف سے یوکرین جنگ میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کرتا ہے، ابھی تک یوکرینی حکام نے پاکستان سے رابطہ کرکے الزام کے متعلق کوئی بات نہیں کی، پاکستان مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ایران کے صدر نے پاکستان کا اہم دورہ کیا، صدرمملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سے ملاقات کے دوران ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی، ایرانی صدر نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف پاکستان کی حمایت کو سراہا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے آج غزہ کے لیے امدادی سامان پر مشتمل نئی کھیپ روانہ کی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر غزہ کے عوام کیلئے 18ویں کھیپ بھجوائی گئی ہے۔ شفقت علی خان نے کہا کہ امدادی سامان میں راشن بیگز،کھانے پینے کی اشیا اورادویات شامل ہیں، مسلسل حمایت غزہ کے عوام کے ساتھ پاکستان کی پرعزم یکجہتی کی عکاسی کرتی ہے، پاکستان اسرائیلی حکام کی طرف سے مسجد اقصی کی بے حرمتی کی مذمت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی واخلاقی حمایت جاری رکھے گا، نائب وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ کو خطوط ارسال کیے، پاکستان نے معرکہ حق کے دوران اپنی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، فریقین نے دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے پر اتفاق کیا، ایران کے صدر نے وزیراعظم کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا، صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی ملاقات ہوئی، نائب وزیراعظم نے فلسطینی مسئلے کے منصفانہ اور دوریاستی حل پر زور دیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں