اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو مالی سال 2024-25 ء کے گوشوارے 29اگست تک جمع کروانے کی یا دہانی کرا دی ۔جاری اعلامئے میں الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 204اور 210اور الیکشن رولز 2017ء کے قاعدہ 159اور 160کے تحت جون 2025ء میں ختم ہونیوالے مالی سال 2024-25ء کیلئے اپنے اکائونٹس کے مربوط گوشوارے 29 اگست تک جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں مالی سال کے اختتام کے 60 روز میں فارم ڈی پر اپنے سالانہ آمدنی و اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع اور اثاثہ جات و واجبات کی تفصیلات پیش کرنے کی پابند ہیں۔ بیان میں ہدایت کی گئی ہے کہ یہ گوشوارے چارٹرڈ اکانٹنٹ کی تیار کردہ آڈٹ رپورٹ کیساتھ جمع کرائے جائیں جس میں اس بات کی تصدیق ضروری ہے کہ جماعت کو ممنوعہ ذرائع سے فنڈز موصول نہیں ہوئے اور فراہم کردہ معلومات درست ہیں۔
کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ فارم ڈی اور فنڈز کے ذرائع کیلئے پروفارما الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد، چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر اور ای سی پی کی ویب سائٹ پر مفت دستیاب ہے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ فارم میں اووررائٹنگ قبول نہیں کی جائے گی نیزآڈیٹرکی آئی سی اے پی رکنیت یا سرٹیفکیٹ کی تازہ ترین تصدیق منسلک کرنا لازمی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ گوشواروں کیساتھ یکم جولائی 2024ء سے 30ء جون 2025ء تک کے تمام بینک اکانٹس کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہونگی ،یہ ریکارڈ صرف مجاز جماعتی عہدیدار کے ذریعے بذاتِ خود الیکشن کمیشن اسلام آباد میں جمع کرایا جا سکے گا، ڈاک، فیکس، کوریئریا دیگر ذرائع سے موصول گوشوارے قبول نہیں کئے جائیں گے۔


